پاکستان

نواز شریف کی پھر درخواست

مارچ 11, 2019 2 min

نواز شریف کی پھر درخواست

Reading Time: 2 minutes

سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلسل دوسرے ہفتے ضمانت کے لیے دائر اپیل کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ عدالت عظمی نے نواز شریف کا مقدمہ سماعت کے لیے جلد مقرر کرنے کی ایک درخواست گذشتہ ہفتے مسترد کی تھی ۔ 


نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں اور ان کی العزیزیہ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ ماہ 25فروری کو مسترد کر دی تھی ۔ 

سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے یکم مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ضمانت نہ دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے یہ استدعا بھی کی تھی کہ اپیل کو 6  مارچ کو سنا جائے ۔ 
سپریم کورٹ نے نواز شریف کی اپیل جلد سماعت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست کی اپنی باری پر سماعت کا حکم دیا تھا ۔


اب سابق وزیراعظم کے وکیل نے عدالت عظمی میں ایک اور جلد سماعت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6مارچ کے بعد درخواست گزار کی صحت زیادہ خراب ہوگئی ہے ۔ 

وکیل خواجہ حارث کی جانب سے ایڈووکٹ آن ریکارڈ نے کہا ہے کہ اس کیس کو رواں ہفتے ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے کیونکہ خرابی صحت کا معاملہ درپیش ہے۔


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ان کی بیٹی مریم نواز سوشل میڈیا کے ذریعے تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں ۔

خیال رہے کہ  نواز شریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گذشتہ سال 24دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں ۷ برس قید کی سزا سنائی تھی ۔

سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 25 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے ۔


درخواست کے مطابق نواز شریف انجائنا، دل ، شوگر،ہائیپر ٹینشن اور گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں ۔ عدالت عظمی کو بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی انجیو گرافی بھی ہونا لازمی ہے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے