کالم

ٹرافی کراچی کا لڑکا ہی جیتے گا!

مارچ 15, 2019 3 min

ٹرافی کراچی کا لڑکا ہی جیتے گا!

Reading Time: 3 minutes


پاکستان سپر لیگ کے سر زمین پاکستان میں کھیلے گئے مرحلے میں ابھی تک سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔ روشنیوں کے اس تاریخی شہر کی آبادی کئی ملکوں سے زیادہ ہے۔ طویل عرصے کے بعد امن و امان لوٹنے سے کراچی کی عوام نے بین الاقوامی کرکٹ سپر سٹارز کو اپنے ہی میدان میں دیکھنے دیوانہ وار نیشنل سٹیڈیم کا رخ کیا ہے۔ قدرتی طور پر آپ جس شہر سے تعلق رکھتے ہیں اس شہر سے آپ کا لگاؤ ذیادہ ہوتا ہے۔
پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو بڑی سپورٹ حاصل رہی۔ کیمپین میں بھی بہت جارحانہ انداز میں کی گئی۔ چاہے شہزاد رائے کے بنائے گئے ٹیم کے ترانے کا انداز ہو، ٹیم ایمبیسیڈر فہد مصطفی کی ایونٹ سے پہلے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے رعونت بھرا لہجہ ہو، ٹیم کے مالک سلمان اقبال کا دوسری ٹیم کی بری کارکردگی پر ہنسنا یا پھر کپتان عماد وسیم کا مخالف ٹیموں کے لئے کھیلتے دوسرے پاکستانی کھلاڑیوں کو گالم گلوچ کرنا ؛ سبھی عوامل کراچی کنگز کی مضبوط ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا باعث بنے ہیں۔ وسیم اکرم بھی اپنے بھرم سے باہر نہیں ہوتے۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی ان کا لاہور قلندرز سے میچ ہارنے کے بعد شرمناک رویئے نے ان کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔
بہرحال کراچی کنگز کی اس بھرم سے بھرپور ٹیم نے پاکستان کو ایک تحفہ لیفٹ آرم اسپنر عمر خان کی شکل میں دیا ہے۔ اگر اس لڑکے کو اچھا گروم کیا گیا تو یہ بڑے بڑوں کو تگنی کا ناچ نچا دے گا۔ ورلڈ کپ میں بھی یہ لڑکا ٹرمپ کارڈ کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔ ٹیلنٹڈ آل راؤنڈر عامر یامین نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا ہے ۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں وہ بہت کارآمد ثابت ہو سکتےہیں۔
پی ایس ایل 4 کی ٹرافی اٹھانے کا تین ٹیموں کے درمیان مقابلہ رہ گیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمے یہ ٹورنامنٹ پہلے بھی جیت چکے ہیں لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لئے یہ بہترین موقع ہے پہلی بار یہ ٹرافی اپنے نام کرنے کا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ دونوں مظبوط ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان محمد سمیع اور سرفراز احمد دونوں ہی کراچی کے رہائشی ہیں۔ کوئی ٹیم بھی جیتے ایک طرح سے ٹرافی کراچی کا کپتان ہی اٹھائے گا۔


اگر پشاور زلمے بھی جیتتا ہے تو ڈیرن سیمی بھی پرایا کہاں ہے؟
قارئین کی یاد دہانی کے لئے یہ وہی ڈیرن سیمی ہے جس کو ریلو کٹا اور پھٹیچر کہا گیا تھا اور اس نے آج سے 2 سال قبل پاکستان آ کر پوری دنیا کے کرکٹرز کو پیغام دیا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کرکٹ کھیلنے کے لئے محفوظ جگہ ہے۔ اس لیے جو عزت اور پیار اسے پاکستان میں ملتا ہے اسے شاید ہی کہیں اور نصیب ہوتا ہو۔ کراچی میں پشاور زلمے کے اونر جاوید آفریدی کے ہمراہ دل دل پاکستان گنگناتے ہوئے مزار قائد پر جاری کردہ حالیہ تصاویر اور ویڈیوز نے سیمی کو پاکستان خصوصا کراچی میں مذید شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے ۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ اگر ڈیرن سیمی بھی ٹرافی اٹھاتا ہے تو کراچی ہی جیتے گا!

باسط سبحانی کی محمد سمیع کے ساتھ ایک تصویر

باسط سبحانی کلچر اور سپورٹس سے 1999 سے منسلک ہیں۔ انکے پروگرام آپ ان کے یوٹیوب چینل

www.youtube.com/BasitSubhani

سبسکرایب کر کے دیکھ سکتے ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے