پاکستان

راولپنڈی میں 30 کشمیری گرفتار

مارچ 16, 2019 2 min

راولپنڈی میں 30 کشمیری گرفتار

Reading Time: 2 minutes

پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پاکستان مخالف نعرے لگانے کے الزام میں کشمیری قوم پرست جماعت کے تیس طلبا و کارکن گرفتار کیے گئے ہیں ۔

عابد خورشید

کشمیر کے نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 30 کارکن راولپنڈی پریس کلب کی حدود سے گرفتار کیے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قوم پرست اور خود مختار کشمیر کے نظریے کی حامی جماعت نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا ایک پروگرام جمعہ کی شام راولپنڈی پریس کلب میں ہونا تھا لیکن پریس کلب کی انتظامیہ نے منتظمین کو جمعہ کو ہی پروگرام کرنے سے منع کر دیا تھا جس کی بکنگ ایک دن قبل ہو چکی تھی۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی پریس کلب کی جانب سے گزشتہ ایک احتجاج کے دوران پولیس اور دیگر حساس اداروں کی جانب سے بعض ریاست مخالف نعرے لگانے کے باعث پروگرام کو رکوانے کیلے دباو ڈالا تھا جس کے بعد راولپنڈی پریس کلب کی جانب سے آج کا پروگرام کینسل کر دیا گیا تھا۔

این ایس ایف کے قائدین نے پریس کلب اور دیگر صحافیوں سے پروگرام کیلے رابطے کیے تھے اور پروگرام کو جمہوری اور پارلیمانی انداز میں کرنے کی یقین دہانی کرائ تھی مگر پریس کلب کی جانب سے پروگرام کرنے کی اجازت نہ دی گئ۔

تنظیم کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ وہ شیڈول کے مطابق پروگرام ضرور کریں گے بصورت دیگر وہ پریس کلب کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

شام سات بجے کے قریب این ایس ایف کے تیس نوجوان راولپنڈی پریس کلب اور ون فائیو پولیس کے دفاتر کے سامنے آئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے لگے تو پہلے سے تیار پولیس نے لاٹھی چارچ کیا اور فوری اضافی نفری طلب کر کے تیس کارکنان کو حراست میں لے لیا جنہیں بعد ازاں سٹی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ۔

سٹی پولیس آفیسر قمر سلطان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تنظیم کے تیس کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مقدمہ بنایا گیا ہے تو بتایا کہ ابھی اوپر سے حکم کا انتظار ہے۔

ایس ایچ او سے مزید استفسار پر معلوم ہوا کہ ان کی گرفتاری بعض نعروں کی باعث ہی عمل میں لائ گئ ہے۔ ایک مقامی صحافی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے احتجاج کرنے پر کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے