پاکستان

چیئرمین نیب استعفا دیں، پیپلز پارٹی

مارچ 16, 2019 2 min

چیئرمین نیب استعفا دیں، پیپلز پارٹی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین نیب کو بریگیڈیئر(ر) اسدمنیر کی خود کشی پر استعفیٰ دینا چاہیے اور اس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہوں ۔

اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں فرحت اللہ بابر اور نیئر حسین بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، مسعود اظہر کو بچانے کے لئے چین کا کندھا استعمال کیا گیا ہے، یو اے ای کی طرف سے تیل کی مد میں اعلان کردہ پیسے واپس لے لئے گئے ہیں، وزیراعظم بتائیں امارات نے یہ سہولت واپس کیوں لی؟۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف کیس کسی کی خواہش پر اسلام آباد منتقل کیے گئے ہیں جب بھی چیئرمین بلاول بھٹو حکومت پر تنقید کرتے ہیں تو ان کو نیب کی طرف سے نوٹس آجاتا ہے کیونکہ یہ ان کو ناگوار گزرتا ہے ۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور ملک کی معاشی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ بریگیڈیئر اسد منیر کو نیب نے پریشان کیا تو انہوں نے خود کشی کرلی، چیئرمین نیب کا اب اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا جب تک انکوائری نہیں ہو جاتی تب تک چیئرمین نیب کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ ’ہم نیب کی جانب سے لوگوں کو تنگ کرنے جیسے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔‘

پارٹی کے سیکرٹری جنرل نئیر حسین بخاری نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے کیسز کیوں اسلام آباد شفٹ کیے گئے جبکہ تمام فریقین کا تعلق سندھ سے ہے ، پیپلزپارٹی کی قیادت نے پہلے بھی جیلیں دیکھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نیب بے لگام ہو چکا ہے جو ایک سابق فوجی ڈکٹیٹر کے دور میں بنایا گیا تھا کوئی بھی قانون پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں ہے بریگیڈیئر (ر)اسد منیر کی خودکشی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں۔

نیئر بخاری نے کہا کہ اسد منیر کی موت پر پارلیمنٹ کے اندر بھی بحث کی جانی چاہیے ۔ یہ قومی ایشو ہے اور اس پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی چیئرمین نیب کو طلب کرسکتے ہیں، پہلے بھی ایک پروفیسر کی دوران حراست موت واقع ہو گئی تھی، نیب کو سب کے ساتھ برابر کا سلوک کرنا چاہیے، نیب کو پیپلزپارٹی سے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت کے مقدمات کو کسی کی خواہش پر اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے، ہمیں اس پر تحفظات ہیں کہ بغیر کسی وجہ کے ان مقدمات کو اسلام آباد لایا گیا ہے ۔ نیب کے قوانین میں ترمیم ہونی چاہیے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے