متفرق خبریں

ماڈل ٹیریزا کو سزا پر صحافی کا احتجاج

مارچ 20, 2019 2 min

ماڈل ٹیریزا کو سزا پر صحافی کا احتجاج

Reading Time: 2 minutes

عفت حسن رضوی

پاکستان میں جمہوریہ چیک کی ماڈل ٹیریزا کو عدالت نے آٹھ سال قید با مشقت کی سزا سنائی ہے۔ ٹیریزا کو گذشتہ سال جنوری میں لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں ان کے سوٹ کیس سے نو کلو ہیروئین برآمد کی گئی تھی.
چیک ریپبلک ماڈل کی 2018 میں گرفتاری کے بعد سے کراچی کے صحافی خاور حسین اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر دلچسپ مہم چلارہے ہیں.

خاور حسین گزشتہ ایک سال سے ٹیریزا کی رہائی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، ساتھ ہی وہ طنز و مزاح کے ذریعے پاکستان کے نظام عدل میں موجود خامیوں اور سیاسی سازشوں پر بھی سوال داغ رہے ہیں.


پاکستان ٹوئنٹی فور سے بات کرتے ہوئے خاور حسین کا کہنا تھا کہ ابتدا میں جب انہوں نے گرفتاری کے بعد کسٹم اور ایف آئی اے حکام کے نرغے میں پھنسی ملزمہ ٹیریزا کی تصاویر دیکھیں تو ازراہ مذاق ایک پوسٹ کردی. دوست ہم آواز ہوئے تو اس انوکھے احتجاج کا سلسلہ چل نکلا. خاور کہتے ہیں کہ اس فیس بک احتجاج میں ٹیریزا تو ایک استعارہ ہیں، طنز کا اصل نشانہ ہمارا نظام ہے.

اپنی پوسٹ میں خاور نے کراچی پولیس کے متنازعہ افسر راؤ انوار کے آزادانہ گھومنے پھرنے اور خوش شکل چیک حسینہ پر قانون کی ضرورت سے زیادہ گرفت پر سوال اٹھایا، لکھتے ہیں "کیا نو کلو ہیروئین قتل سے بڑا جرم ہے؟”

اپنی ایک پوسٹ میں خاور یہ مطالبہ کرتے نظر آئے کہ اسمگلر حسینہ کو اور کوئی ریلیف نہیں دے سکتے تو ہمارے سیاست دانوں کی طرح ہنگامی بنیادوں پر اسپتال منتقل کیا جائے. ایک پوسٹ میں انہوں نے عمران خان، خادم رضوی اور طاہر القادری سے مطالبہ کیا کہ ایک دھرنا مظلوم ٹیریزا کے لیے بھی دیا جائے.

خاور حسین کہتے ہیں کہ اب وہ فیلڈ رپورٹنگ میں کسی سے ملتے ہیں تو فیس بک فرینڈز پہلے ان سے چیک ماڈل ٹیریزا کی خیریت دریافت کرتے ہیں.

خاور حسین نے سپریم کورٹ سے پرزور اپیل کی ہے کہ جیسے زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف مقدمہ سندھ سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ایسے ہی ملزمہ ٹیریزا کا کیس پنجاب سے کراچی منتقل کیا جائے تاکہ وہ اور دیگر اہل دل افراد چیک ماڈل کو انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں.

ان کا کہنا تھا کہ ’اور کچھ نہ ہو سکا تو فیس بک پر احتجاج کا سلسلہ ماڈل کی رہائی تک جاری رہے گا۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے