پاکستان

سابق آمر کی فلم ’انشااللہ ڈیموکریسی‘

مارچ 25, 2019 2 min

سابق آمر کی فلم ’انشااللہ ڈیموکریسی‘

Reading Time: 2 minutes

عفت حسن رضوی

سابق صدر، آرمی چیف آف پاکستان، اور فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی بطور ڈکٹیٹر حکومت اور پاکستانی سیاست پر دور آمریت کے واقعات پر مبنی ڈاکومینٹری فلم ’انشا اللہ ڈیموکریسی‘ کراچی میں ریلیز کردی گئی ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکومینٹری کی اسکریننگ کراچی کے گوئتھے انسٹیٹیوٹ میں کی گئی ۔

’انشا اللہ ڈیموکریسی‘ کی انٹر نیٹ پر جاری ٹریلر کو پہلی بار دیکھنے سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ ڈاکومینٹری ڈائریکٹر محمد علی نقوی (مو) نے سابق جرنیل مشرف کے ساتھ کئی برس گزار کر اس ڈاکومینٹری کو فلم بند کیا ہے۔ فلم میں مشرف کے دفتری امور، نجی زندگی، غیر ملکی دورے، میڈیا انٹرویوز سے وہ ان دیکھے لمحات شامل ہیں جو پاکستانی سیاست میں دلچسپی رکھنے والا کوئی بھی فلم بین دیکھنا چاہے گا۔

فلم کی آفیشل ویب سائٹ پر فلم ڈائریکٹر محمد علی نقوی نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ وہ کراچی کے ایک شیعہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جسے نوے کی دہائی میں کراچی کے خراب حالات کے باعث ملک چھوڑنا پڑا، محمد علی نقوی نے اپنے بیان میں وضاحت دی ہے کہ پرویز مشرف ان کے سیاسی ہیرو تھے، ایسا ہیرو جو ڈکٹیٹر تھا۔

’انشا اللہ ڈیموکریسی‘ کی کہانی میں ایک ایسے پاکستانی نوجوان کی کہانی بیان کی گئی ہے جو پہلی بار ووٹ کاسٹ کرتا ہے تاہم وہ تمام سیایس جماعتوں کا قریب سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرتا ہے کہ اس کا انتخاب صرف جمہوریت ہے۔ فلم میں عمران خان کی سیاسی جدوجہد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی دکھایا گیا ہے۔

اپنے ذاتی نوٹ میں فلم ڈائریکٹر علی نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز مشرف نے ان کے سامنے اقرار کیا کہ وہ ملک دشمن عناصر سے پراکسی جنگ لڑنے کے لیے شدت پسند عناصر کو سپورٹ کرتے رہے ہیں،تاہم وہ یہ سچ اپنے لوگوں کو بتانے سے گریزاں تھے۔

فلم ڈائریکٹر محمد علی نقوی اس سے قبل لال مسجد ، اور پاکستان میں اسٹریٹ چلڈرن کی جنسی زندگی جیسے موضوعات پر بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈاکومینٹری فلمیں بنا چکے ہیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے