کالم

کھیل ختم، پیسہ ہضم

مارچ 27, 2019 3 min

کھیل ختم، پیسہ ہضم

Reading Time: 3 minutes

جس طرح سابق وزیراعظم نواز شریف کا کھیل پناما کیس نے ختم کیا تھا اس طرح تیزی سے تباہ ہوتی معیشت نے عمران خان کا کھیل بھی ختم کر دیا ہے ۔

نواز شریف کی فراغت کا عمل پناما سے شروع ہو کر واٹس اپ جے آئی ٹی سے ہوتا ہوا سپریم کورٹ پہنچا اور اقامہ پر نااہلی کے فیصلے سے مکمل ہوا ۔ تحریک انصاف کی فراغت کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے لیکن یہ عمل نواز شریف کی طرح دو سال نہیں لے گا ۔

غالب امکان یہی ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی عدم منظوری سے حکومت پارلیمنٹ میں اکثریت کھو بیٹھے گی اور شہاز شریف ملک کے نئے وزیراعظم بن جائیں گے ۔ سلسلہ دو ڈھائی ماہ میں مکمل ہوگا۔
اسلام آباد میں اقتدار کی غلام گردشوں میں اکثر گھومنے والے سیاح یہ کہتے ہیں وزیراعظم سے جوائینٹ چیفس اف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کی گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات اصل میں کھیل ختم اور ییسہ ہضم والی ملاقات تھی ۔
تبدیلی کا عمل ملکی معیشت کے استحکام اور خطہ میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر کے ساتھ ساتھ ہمیشہ سے طاقتور اسٹیبلشمنٹ کی خارجہ اور داخلہ پالیسوں پر ملکیت برقرار رکھنے کی ایک کوشش تھی لیکن معاشی ترقی کے ہدف کی ناکامی نے باقی اہداف کی تکمیل کو بھی مشکوک کر دیا ہے اور یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ۔میاں شہباز شریف ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کیلئے قابل قبول رہے ہیں لیکن اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف سے بے وفائی نہ کرنے پر انہیں وزارت عظمی بھی نہ مل سکی اور آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کی صورت میں انہیں اسٹیبلشمنٹ کی خفگی کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔حکومت کی تمام محازوں پر ناکامی اور اس سے زیادہ نا اہلی نے شہباز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کے کرتا دھرتہ نمائدوں کو تجدید تعلقات کا موقع فراہم کیا ہے ۔
شہباز شریف اگر دونون فریقین میاں نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کے مابین کوئی قابل عمل تصفیہ کرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو میاں نواز شریف واپس جیل میں نہیں جائیں گے ۔سابق وزیراعظم کو جس طرح فارغ کیا گیا ہے اسکی حقیقت سے تمام فریق واقف ہیں ۔میاں نواز شریف اس وقت مضبوط وکٹ پر ہیں اور انکو مضبوط پوزیشن حکومت کی نا اہلی اور معاشی تباہی کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے ۔معاملہ اب اس بات پر ختم ہو گا کہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی سربراہی میں اپنے پتے کس طرح کھیلتی ہے ۔
میاں نواز شریف سیاست سے دستبردار ہونے کیلئے آمادہ ہو سکتے ہیں لیکن وہ مریم نواز کی سیاست میں موجودگی پر اصرار کریں گے ۔سابق صدر آصف علی زرداری بھی سیاست سے دست برداری پر تیار ہو سکتے ہیں لیکن وہ بھی بلاول بھٹو کی سیاست میں موجودگی پر اصرار کریں گے اور اگر دونوں سیاسی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کسی ایسے معاملہ پر رضامند ہو گئیں تو مستقبل مریم نواز اور بلاول بھٹو کا ہو گا اور اسٹیبلسمنٹ کو یہ کڑوا گھونٹ پینا پڑے گا ۔جہاں تک لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے اور این آر او لینے کا سٹنٹ ہے اس معاملہ پر اسٹیبلشمنٹ کو کچھ نہیں ملے گا نہ میاں نواز شریف سے اور نہ آصف علی زرداری سے ۔
پیسے دے کر ڈیل لینے کا عمل دونوں سیاسی جماعتوں کے سیاسی مستقبل کو تباہ کر دے گا اور یہ کام کرنا دونوں سیاسی جماعتوں کیلئے ممکن نہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے پاس آپشن محدود ہو چکے ہیں ان کے پاس کوئی متبادل نہیں ۔جس گھوڑے پر داو لگایا تھا وہ ریس ہار چکا ہے وہ ہارا ہی نہیں اس نے جوکی کا مستقبل بھی مشکوک کر دیا ہے اس گھوڑے پر اب داو نہیں لگے گا ۔اس گھوڑے کا کھیل ختم ہو چکا ہے اور دوبارہ یہ کبھی بھی کھیل میں شامل نہیں ہو گا ۔
عمران خان نے بھی نوشتہ دیوار دیکھ لیا ہے وہ اب اینکرزوں کے ساتھ دل کا بوجھ ہلکا کرنے کی بجائے بیٹ رپورٹر کے ساتھ غم بانٹنے لگے ہیں کہ انہیں پتہ ہے اینکرز کس کی زبان بولتے ہیں ۔وزیراعظم کو یہ بھی پتہ ہونا چاہیے کہ پورا میڈیا ہی ایک مخصوص زبان بول رہا ہے وہ اب وزیراعظم کو بیل اوٹ بھی نہیں کرے گا اور انہیں اب مسیحا بنا کر بھی پیش نہیں کیا جائے گا کیونکہ کھیل ختم ہو چکا ہے اور پیسہ بھی ہضم ہو چکا ہے ۔
جہاں تک این ار او نہیں دوں گا کے دعوی کا تعلق ہے تو انکی اصلیت کا تبدیلی لانے والوں کا بھی پتہ ہے اور خود حکومت کو بھی خبر ہے وہ کس طرح اقتدار میں آئے ۔وزیراعظم اور انکے وزرا جو کچھ بھی کہتے رہیں ہوگا وہی جو منظور خدا ہو گا اور خدا کو یہی منظور تھا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے اور ان پر آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں فرد جرم عائد نہ کی جائے ۔خدا کو یہی منطور تھا میاں نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت مل جائے اور چھ ہفتوں کے دوران کوئی مفاہمتی فارمولہ طے پائے جائے ۔
یہ اس قدر ظالم اور نا اہل ثابت ہوئے ہیں پوری معیشت کا ناس مار دیا ہے اور حالات اس نہج پر آگئے ہیں مارشل لا بھی نہیں لگ سکتا اس لئے ڈیل ہو گی اور چھ ہفتوں کے اندر ہو گی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے