متفرق خبریں

شاہد مسعود کہاں گئے؟

مارچ 31, 2019 3 min

شاہد مسعود کہاں گئے؟

Reading Time: 3 minutes

پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کے بارے میں سوشل میڈیا پر خبریں آ رہی ہیں کہ وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں ۔

پاکستان ٹوئنٹی فور کو شاہد مسعود کے انتہائی قابل اعتماد دوست نے بتایا ہے کہ ’لوگ سوشل میڈیا پر اپنی ویور شپ بڑھانے کے لیے شاہد مسعود کے بارے میں اس طرح کی خبریں دیتے رہتے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ شاہد مسعود کی صحت گر رہی تھی اور وہ علاج کے سلسلے میں صرف دس دن کے لیے ایمسٹرڈیم گئے ہیں ۔

سوشل میڈیا پر کچھ رپورٹرز نے ویڈیو اور بلاگز کے ذریعے کہ خبر دی تھی کہ مسعود دلبرداشتہ ہو کر ملک چھوڑ گئے ۔

ایک متعبر ذریعے کے مطابق سوشل میڈیا پر شاہد مسعود کا نام استعمال کرنے والے بعض صارفین نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو یہ مشورہ بھی دیا تھا کہ وہ سارے چینلز چھوڑ کر یوٹیوب کے لیے ویڈیوز بنائیں تو زیادہ کمائیں گے ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سرکاری ٹی وی میں کرپشن کا ایک مقدمہ بھی مقامی عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہونی ہے ۔

شاہد مسعود نے اس کیس سے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو دو اپریل کو سنایا جائے گا ۔

ڈاکٹر شاہد مسعود کے دوست اور صحافی شاہین صہبائی نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے فالوورز کو بتایا تھا کہ ’اپنی صحت کی وجہ سے ڈاکٹر شاہد مسعود ٹی وی شو چھوڑ رہے ہیں، اور یہ ایک بروقت فیصلہ ہے۔‘

شاہین صہبائی نے اپنی ٹویٹ کے آخر میں لکھا تھا کہ اب سوشل میڈیا حکمرانی کرے گا۔

DR SHAHID MASOOD QUITS: On health reasons @Shahidmasooddr announced he was stopping his show indefinitely. A Right decision at the Right time. TV is losing it’s lustre, credibility fast bcoz of some compromised souls. Dr SM was not one of them. Thanks. Social media will now rule— SHAHEEN SEHBAI (@SSEHBAI1) March 30, 2019

پاکستان ٹوئنٹی فور نے ڈاکٹر شاہد مسعود کے بارے میں ان اطلاعات کی تصدیق کے لیے ان کے کوآرڈی نیٹر ملک رفاقت سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹروں نے کچھ طبی تجزیے اور آرام تجویز کیا تھا جس کی وجہ سے ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے شو سے چھٹیاں لی ہیں۔‘

ملک رفاقت کا کہنا تھا کہ ان کو ڈاکٹر شاہد مسعود کے ملک چھوڑ کر مستقل باہر منتقل ہونے کی اطلاع نہیں کیونکہ اگر وہ ایسا فیصلہ کرتے تو کم از کم اپنی ٹیم کو بتاتے ۔

شاہد مسعود کو برسوں سے جاننے والی ایک شخصیت نے کہا کہ ’ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا انہوں نے میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور پھر ایک دن بعد نیوز ون چینل جوائن کر لیا تھا۔‘

اسی شخصیت کے مطابق ڈاکٹر شاہد مسعود عنقریب کوئی اور ٹی وی چینل جوائن کر لیں گے یا پھر دوبارہ نیوز ون پر ہی پروگرام جاری رکھیں گے ۔

خیال رہے کہ پاکستان میں نجی ٹیلی ویژن چینلز میں کام کرنے والے اینکرز اور دیگر کارکنوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے اوربعض ٹی وی چینلز نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود اور ان کی ٹیم کی تنخواہوں میں بھی کٹوتی کی گئی تھی تاہم انہوں نے جی این این ٹی وی چینلز میں جانے کا عندیہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد ان کا پیکج بحال کیا گیا اور نجی چینل نے شاہد مسعود کی خواہش پر ان کی ٹیم میں تین نئے افراد کے تقرر کے پروانے جاری کیے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے