پاکستان

پاکستان میں سیاحت کے تین بڑے مسائل

اپریل 15, 2019 2 min

پاکستان میں سیاحت کے تین بڑے مسائل

Reading Time: 2 minutes

امریکی خاتون سیاح الیکس رینالڈ نے پاکستان کے ٹورازم سمٹ میں بلائے جانے کے بعد اپنی بات نہ کرنے دینے پر تنقید کی ہے ۔

خاتون سیاح نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کے لیے اتنا آسان ملک نہیں جتنا سوشل میڈیا پرپوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دکھایا جاتا ہے ۔ 
سیاحت پر وی لاگ بنانے والی الیکس رینالڈ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ ان کو پاکستان بلانے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے سامنے پریذنٹیشن دینے روک دیا گیا جبکہ دیگر تمام وی لاگرز کی ویڈیوز تقریب میں دکھائی گئیں ۔

 
پاکستان کی حکومت نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے رواں ماہ کی تین اور چار تاریخ کو اسلام آباد میں ٹورازم سمٹ منعقد کی تھی جس میں سوشل میڈیا کے مشہور وی لاگر سیاحوں ٹریور جیمز، مارک وینز، ایوا زو بیک اور ایلکس رینالڈ کو بلایا گیا تھا ۔


اپنی ویڈیو میں ایلکس رینالڈنے کہا ہے کہ انہوں نے اس سمٹ میں اپنی پریذنٹیشن میں پاکستانی سیاحت کو درپیش چینلجز کا تذکرہ کیا جس کی وجہ سے ان کو اگلے دن وزیراعظم کی موجودگی میں پریذنٹیشن سے روکا گیا ۔ ایلکس کے مطابق انہوں نے تنقید کرتے ہوئے اپنی ‘دیانتدارانہ’ رائے دی تھی ۔ 


یاد رہے کہ پاکستان نے سیاحت کے فروغ کے لیے اپنی ویزہ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے 50ممالک کے شہریوں کو ‘آن اریول’ ویزہ دینے جبکہ 175ملکوں کے شہریوں کو پاکستانی ویزے کے لیے آن لائن اپلائی کرنے کی اجازت دی ہے ۔ 


ایلکس نے کہا ہے کہ پاکستان کے قدرتی نظاروں اور دلفریب مناظر کی تعریف کی ہے اور اس کے ثقافتی و تاریخی ورثے کو زبردست قرار دیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ جیسا دکھایا جاتا ہے کہ پاکستان میں غیرملکی سیاح آسانی سے گھوم پھر رہے ہیں، ایسا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیرملکی سیاح کے لیے یہاں سفر کرنا درد سر سے کم نہیں ۔  انہوں نے پاکستان میں سیاحت کی حالیہ سوشل میڈیا کوریج کو’ گمراہ کن’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحوں کے تین بڑے مسائل ہیں۔


ایلکس کے مطابق کوئی بھی غیر ملکی سیاح اگر اکیلے اس ملک میں سفر کرنا چاہتا ہے تو اس کو جن بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں ‘غیرسرکاری سفری دستاویزات’ اور خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں کیا جانا شامل ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘غیر واضح بیورو کریٹک طریقہ کار اور سفر کے لیے مسلح محافظوں کا ساتھ ہونا ضروری قرار دیا جانا بھی غیر ملکی سیاحوں کے لیے پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔ 
ایلکس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے خوش آئند اور سچائی پر مبنی قرار دیا ہے ۔


خضرہ نامی ایک ٹوئٹر ہینڈل سے ایلکس کی ویڈیو پوسٹ کرکے لکھا گیا ہے کہ’ میری پسندیدہ غیرملکی سیاح خاتون نے اس ویڈیو کے ذریعے پاکستان پر سچائی کا بم گرایا ہے۔’

ایلکس نے افغانستان، انڈیا، بھوٹان اور پاکستان کا سفر کیا ہے ۔ انہوں نے ان ممالک کے مختلف علاقوں سے ویڈیوز بنا کر فیس بک پر اپ لوڈ کی ہیں جن کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ امریکی شہری ایلکس رینالڈ کو دنیا دیکھنے اور مختلف ملکوں کے لوگوں سے ملنے اور ان کو قریب سے دیکھنے کا شوق ہے۔ سنہ 2016میں ایلکس نے امریکہ سے نکل کر دنیا گھومنے کا فیصلہ کیا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے