کھیل

اب امریکہ عالمی کرکٹ میں بھی

اپریل 25, 2019 2 min

اب امریکہ عالمی کرکٹ میں بھی

Reading Time: 2 minutes

امریکی کرکٹ ٹیم نے نیمبیا میں ہونے والے ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو مقابلوں میں مسلسل تین میچ جیتنے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے مطابق کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کی اہلیت حاصل کرنے کے لیے نیمبیا میں منعقد اس ڈویژن ٹو لیگ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا جس میں امریکہ پہلی چار ٹیموں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ۔

ان ٹیموں میں امریکہ کے علاوہ سکاٹ لینڈ، متحدہ عرب امارات، نیپال اور نیدرلینڈز شامل ہیں ۔

امریکہ نے یہ کامیابی نیمبیا کے شہر ونڈوک میں بدھ کے روز کھیلے گئے عالمی کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے مقابلوں میں ہانگ کانگ کو 84 رنز سے شکست دے کر حاصل کی۔

اب 2023 کے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے اگلے ڈھائی برسوں کے دوران 36 ون ڈے انٹرنیشل میچ کھیلنے کی امریکہ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد اب آئی سی سی کے پاس 20 ملکوں کی ٹیمیں ہوں گی، جن میں سے چار چوٹی کی ٹیمیں سکاٹ لینڈ، متحدہ عرب امارات، نیپال اور نیدرلینڈز کے ساتھ شامل ہو جائیں گی۔

اسی ٹورنامنٹ میں اومان کو بھی ون ڈے انٹرنینشل کا سٹیٹس مل گیا ہے۔ اس نے آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے حالیہ مقابلوں میں میزبان ٹیم نیمیبا پر چار وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

امریکہ نے نیمبیا اور پپوا نیو گنی کو شکست دی تھی جس کے بعد آئی سی سی ون ڈے کا سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے ایک اور میچ جیتنے کی ضرورت تھی۔

ٹورنامنٹ کے آغاز پر امریکہ کو عمان کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست ہوئی۔ تاہم امریکہ نے نیمیبیا سے دو رنز سے میچ جیتا۔ پپوا نیو گنی سے 10 وکٹ سے، جب کہ ہانگ کانگ سے آخری میچ 84 رنز سے جیت لیا۔

امریکہ اور اومان کو آئی سی سی ون ڈے کا درجہ ملنے کے بعد باقی دو نشستوں کے لیے نیمبیا، پپوا نیو گنی، کینیڈا اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے