کھیل

سنسنی خیز مقابلے کا نتیجہ نکل آیا

مئی 12, 2019 2 min

سنسنی خیز مقابلے کا نتیجہ نکل آیا

Reading Time: 2 minutes

دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 12 رنز سے ہرا کر فتح حاصل کر لی۔

پاکستانی ٹیم 374رنز کے ہدف کے حصول کیلئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنائے ۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ ساوتھمپٹن کی آسان وکٹ پر انگلینڈ نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 373رنز کا بڑا سکور بنایا ۔
  اوپنر جیسن روئے نے 87 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی جبکہ جونی بریسٹو  نے 51رنز بنائے۔ جوز بٹلر نے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 110 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

انگلش کپتان این مورگن نے 71 رنز کی شاندارناٹ آوٹ  اننگز کھیلی۔جوئے روٹ نے 40رنز بنا کر ٹیم کے سکور میں اپنا حصہ ڈالا۔ انگلش سکواڈ میں عادل رشید کے ساتھ معین علی کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

پاکستانی بولرز پورے میچ میں بے بس نظر آئے۔ حسن علی نے10 اوورز میں 81 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی ۔ یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کوآوٹ کیا۔

وائرل انفکشن کے باعث محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا گیا ، یاسر شاہ نے 7اوورز میں 60رنز دیے۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان نے امام الحق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ انداز اختیار کیا اور15ویں اوور میں  اسکور 92تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر امام الحق نے35رنز بنا کر معین علی کو ان کی ہی بولنگ پر آسان کیچ تھما دیا۔

بابر اعظم نے فخرزمان کا ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 51رنز کی اننگز کھیلی۔ فخرزمان نے محتاط اور خوبصورت بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی طرف گامز ن کر دیا۔ فخر نے 138رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 4چھکے اور 12چوکے شامل تھے۔

حارث سہیل 14رنز بنا سکے۔پاکستان کو ہدف کے حصول کیلئے 52گیندوں پر مزید 91رنز درکار تھے جبکہ 6وکٹیں باقی تھیں۔ عماد وسیم اور کپتان سرفراز احمد نے میچ جیتنے کی کوشش میں اسکور بڑھانے کی کوشش کی لیکن عماد وسیم 8اور فہیم اشرف 3رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں میچ جیتنے کیلئے 19رنز درکار تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

سیریز کا  تیسرا ون ڈے بریسٹول میں 14مئی کو کھیلا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے