کھیل

افغان بلے بازوں نے بولرز کو نانی یاد کرا دی

مئی 25, 2019 2 min

افغان بلے بازوں نے بولرز کو نانی یاد کرا دی

Reading Time: 2 minutes

باسط سبحانی ۔ سپورٹس ایڈیٹر

"ہم نے اچھی بیٹنگ کی۔ 20 رنز کم بنائے۔ بولرز کا ردھم اچھا ہے۔ کوچز لڑکوں کے ساتھ محنت کر رہے ہیں۔ ڈریسنگ روم کا ماحول خوشگوار ہے۔ اگلے میچ میں بھرپور کم بیک کریں گے۔”

کپتان سرفراز احمد کے یہ الفاظ بہت ذیادہ رسمی سے ہی بن کے رہ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی عجیب ہی قسمت ہے۔ بولرز اچھا پرفارم کریں تو بیٹسمین بیٹنگ کی الف ب بھول جاتے ہیں، اب جبکہ بیٹنگ کلک کر رہی ہے تو بولرز صحیح جگہ پر گیند ہی نہیں ڈال پا رہے۔

سرفراز احمد ان چند لوگوں میں سے لگتے ہیں جو جھوٹ بولتے ہوئے صاف پکڑے جاتے ہیں۔ جب بار بار وہ صفائی دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ سب اچھا ہے، ٹیم میں کوئی کشیدگی نہیں تو ان کی باڈی لینگویج کچھ اور ماجرہ بیان کر رہی ہوتی ہے۔ گراونڈ میں بھی گزشتہ کچھ عرصہ سے آپ ان کو نوٹ کریں تو انکا چیمپیئنز ٹرافی والے سیفی سے کہیں دور دراز کا بھی واسطہ نہیں لگتا۔

پاکستان کی بولنگ کبھی اتنی بری نہیں رہی کہ ایک اچھے ٹوٹل کے بعد بھی اس طرح افغانستان جیسی نئی اور قدرے کمزور ٹیم سے بری طرح ہار جائے۔ ناتجربہ کار افغان پلئرز نے وقت بے وقت شوخیاں مارنے والے پاکستانی بولرز کو ان کی نانی یاد کرا دی۔ صرف وہاب ریاض ہی ورلڈ کلاس بولر نظر آئے۔ پم اپنے گزشتہ کالم ‘بگ سیف – ورلڈ کپ جیتنےکا فارمولا’ میں بھی بولنگ کوچ ساغر بھائی کو گوش گزار کر چکے ہیں کہ اس طرح کی کیکنڈیشنز میں ریورس سوئینگ اور ایکوریٹ یورکرز کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

فخر زمان اپنی مختصر اننگز میں بہت ایورج نظر آئے۔ کئی مواقع ملنے کے باوجود بڑا سکور نہ کر پائے۔ ان کی کمزوریاں ورلڈ کپ میں اچھی بولنگ سائڈز نوٹ کر کے ان کو لمبی اننگز کھیلنے سے محروم رکھیں گی۔ بابر اعظم بہترین بیٹسمین ہے۔ اس کی مستقل مزاجی کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی۔ اگر وہ اننگز کے اختتام تک اپنا سٹرائیک ریٹ 130 تک لے کر جا سکے تو ٹیم کے لیے بہت اچھا ہو گا۔ اسی حوالے سے آنے والے میچز میں آصف علی کی اہمیت بہت بڑھ جائے گی۔ امام الحق اور حارث سہیل کو انگلینڈ کے اوپر کے نمبروں پر کھیلنے والے بیٹسمینوں کی تقلید کرنی ہو گی۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کچھ عرصے سے ایسے کھیلتے نظر آ رہے ہیں جیسے قوم پر کوئی احسان کر رہے ہوں۔

سرفراز پھر 4 پر نہیں آئے۔ اس کے علاوہ کہیں ان سے رنز بھی نہیں بن پا رہے۔ سخت پریشر نے کپتان کے اوسان خطا کر دئیے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر حالات نے جلد پلٹا نہ کھایا تو قوم سرفراز احمد کے حوالے سے مستقبل قریب میں ایسی کوئی بڑی خبر سنیں گے جو پاکستان کرکٹ کے در و دیوار ہلا کر رکھ سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم تو بقول شاعر یہی عرض کر سکتے ہیں

‘محبت میں دکھائے معجزہ وہ،
جنوں میں اس قدر سچا اگر ہے’

————————————

باسط سبحانی کا کرکٹ شو "گگلی” www.youtube.com/basitsubhani پر سبسکرائب کر کے دیکھا جا سکتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے