متفرق خبریں

ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو بلاک کر دیا

جون 18, 2019 2 min

ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو بلاک کر دیا

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں ان دنوں فلم سٹار سے سوشل میڈیا اور ٹوئٹر سٹار بننے والی متنازع شخصیت وینا ملک ہر کسی سے الجھ رہی ہیں۔ بہت سے لوگوں کو مفت کے مشورے بھی دے رہی ہیں۔

پاکستان میں کئی لوگوں کو وینا ملک کے مشورے پسند نہیں آتے اور کئی ان کو جواب میں ماضی کی یاد دلاتے ہیں تو وہ ان کو بلاک کر دیتی ہیں مگر اس بار انہوں نے سرحد پار انڈیا کی ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثنا مرزا سے پنگا لے لیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شیشہ بار میں ویڈیو اورتصاویر نے سوشل میڈیا پر نہ ختم ہونے والی بحث کو جنم دیا ہے جس کے بعد شعیب ملک نے بھی صارفین اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

پاک انڈیا کرکٹ میچ کے بعد دونوں طرف کے بھڑکتے جذبات میں معمولی نوک جھونک سے بڑھتی بات پر ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو ٹوئٹر پر بلاک کر دیا ہے جس کا ڈھنڈورا انہوں نے ہر طرف کیا ہے۔

بات وینا ملک کی ثانیہ مرزا کو ان کے بیٹے اور شوہر کی صحت کا خیال رکھنے کے مشورے سے شروع ہوئی تھی۔ جس کا ثانیہ نے وینا کو جواب بھی دیا تھا۔

وینا ملک نے ثانیہ مرزا کو مخاطب کر کے لکھا تھا کہ ’میں آپ کے بچے کے بارے میں بہت زیادہ پریشان ہوں۔ آپ لوگ اسے شیشہ پینے والی جگہ لے گئے۔ کیا اس طرح کرنا اس کی صحت کے لیے ضرر رساں نہیں؟ میرے خیال میں آرچی (ریسٹورانٹ) جنک فوڈ کے لیے جانا جاتا ہے جو کہ کھلاڑیوں اور بچوں کے لیے ٹھیک نہیں۔ آپ خود ایک ماں اور کھلاڑی ہیں، یہ معلوم ہونا چاہیے۔‘

ثانیہ مرزا نے وینا کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کر کے جواب دیا کہ وہ اپنے بچے کو شیشے کی جگہ نہیں لے گئی تھی۔

انہوں نے وینا ملک سے کہا کہ ’اس سے نہ آپ کو اور نہ ہی دنیا کے باقی لوگوں کو سروکار ہونا چاہیے کیونکہ بطور ماں اپنے بیٹے کا کسی سے بھی زیادہ خیال رکھتی ہوں۔ دوسرا یہ کہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی غذائی ماہر، ماں یا استاد نہیں ہوں۔‘

ان دونوں کی ٹویٹس کے نیچے صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے تاہم کچھ دیر بعد وینا ملک نے دعوی کیا ہے کہ ثانیہ مرزا نے ان کو ٹویٹ کا جواب دینے کے بعد اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے ان کو بلاک کر دیا ہے۔

ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو ان کا ماضی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے بچوں کے لیے فکرمند ہوں کہ جب وہ ایک میگزین پر آپ کی ننگی تصاویر دیکھیں گے تو کیا ان کے لیے نقصان دہ نہیں ہوگا۔‘

بعض سوشل میڈیا صارفین نے ثانیہ کی اس ٹویٹ کو قابل اعتراض قرار دے کر کہا ہے کہ یہ ذاتی نوعیت کا حملہ تھا جو ایک عورت نے دوسری پر کیا اور اس کی وجہ سے ثانیہ نے اپنا وقار کھویا ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا کے صارفین کی اکثریت یہ رائے دے رہی ہے کہ وینا ملک کو ٹوئٹر استعمال کرنے کے پیسے ملتے ہیں اور وہ کسی کو بھی گالیاں دے سکتی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے