کھیل

بنگلہ دیش کی طوفانی بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کو شکست

جون 18, 2019 2 min

بنگلہ دیش کی طوفانی بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کو شکست

Reading Time: 2 minutes

کرکٹ کے عالمی کپ میں پیر کو ٹاؤنٹن کے میدان میں بنگلہ دیش نے ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ایک شاندار بیٹنگ کے مظاہرے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 99 گیندوں پر 124 رنز بنائے اور وہ مین آف دی میچ بھی رہے۔ ادھر لٹن داس نے 69 گیندوں پر 94 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کے پانچ میچوں میں پانچ جبکہ ویسٹ انڈیز کے پانچ میچوں میں تین پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی سومیا سرکار تھے 29 رنز بنا کر آنڈرے رسل کی گیند پر سلیپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے 69 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ تمیم اقبال اپنی نصف سنچری سے صرف دو رنز قبل 18ویں اوور میں شلڈن کورٹل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد مشفیق الرحیم صرف ایک رن بنا کر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے جب ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کی اننگز کا آغاز قدرے اچھا نہ تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی کرس گیل اننگز کے چوتھے اوور میں ہی سیف الدین کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کوئی سکور نہیں کیا۔

تاہم اس کے بعد ایون لوئس اور شائے ہوپ نے محتاط بیٹمنگ کرتے ہوئے 122 رنز کر شراکت کی۔ ایون لوئس 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کی وکٹ شکیب الحسن نے لی۔

ویسٹ انڈیز کو تیسرا نقصان اس وقت ہوا جب نکولس پورن 25 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ شمرون ہٹمائر کی گری جو کہ اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنڈرے رسل بھی صفر کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ جیسن ہولڈر نے آ کر دھواں دار بیٹنگ کی اور 15 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے