پاکستان پاکستان24

کل جماعتی کانفرنس ہوگئی

جون 26, 2019 2 min

کل جماعتی کانفرنس ہوگئی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اے پی سی میں شرکت کی جبکہ پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، رضا ربانی اور قمر زمان کائرہ بھی کل جماعتی کانفرنس میں شریک ہوئے۔

منگل کو رات گئے پیپلز پارٹی نے بدھ کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے اپنے وفد کا اعلان کیا جس میں بلاول بھٹو کا نام شامل نہیں تھا۔

جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے پیپلزپارٹی کے پانچ رکنی وفد کی نامزدگی کی ہے جس میں یوسف رضاگیلانی، رضا ربانی، نیر حسین بخاری، شیری رحمن اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اے پی سی سے قبل بدھ کے روز صبح دس بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوگا جس میں کٹ موشن کے ذریعے بجٹ کو مسترد کرنے کے لئے حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔

”پارلیمانی پارٹی میٹنگ یہ فیصلہ بھی کرے گی کہ بلاول بھٹو زرداری اس میٹنگ میں شرکت کریں یا نہیں کریں۔ یہ فیصلہ پارٹی کی حکمت عملی کے مطابق بجٹ کو قومی اسمبلی سے مسترد کرنے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔“

خیال رہے کہ کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ گذشتہ ماہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دیے گئے افطار عشائیے میں ہوا تھا۔

جماعت اسلامی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے پہلے ہی انکار کر چکی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے