پاکستان پاکستان24

معاشی مسائل کا حل نئے الیکشن

جون 29, 2019 2 min

معاشی مسائل کا حل نئے الیکشن

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ مشکل معاشی صورتحال سے نکلنے کا حل نئے انتخابات کرانے میں ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹا ترین وزیراعظم ہے۔ ”اگر سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کی بقا کےلئے ایکا ہو پھر جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ماضی مین سب نے غلطیاں کی ہیں۔“

شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن کا فیصلہ تھا کہ لاڈلے کو ایکسپوز ہونے دیا جائے، سب نے دیکھ لیا کہ معیشت کی تباہی ہوئی۔ ”معیشت کو لگی بیماری کا علاج صرف نئے انتخابات ہیں، پارلیمان کے اندر تبدیلی نہیں۔“

خیال رہے کہ شہباز شریف نے بجٹ پر بحث کے دوران ملک میں معاشی میثاق یا چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی جس کی آصف زرداری اور وزیراعظم عمران خان نے بھی تائید کی۔ تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے میثاق معیشت کی تجویز کو رد کر دیا تھا۔

جمعہ کو ملک کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب میں کہا تھا کہ معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کی ایک سوچ ہے جسے وقت کے مطابق ڈھالا جاتا ہے۔ ”مسلم لیگ ن عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ بجٹ کی چوٹ ایک ماہ بعد عوام پر پڑے گی۔“

انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد نے رانا تنویر کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد کیا اس کے پابند ہیں، ”نواز شریف نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر مقرر کیا۔ چیئرمین پی اے سی کے معاملات چند روز میں طے پانے والے ہیں۔“

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کے تمام فیصلوں کے پابند ہیں۔ ”انتخابی دھاندلی کمیشن سے استعفے دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کو پوری طرح سپورٹ کریں گے، ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔“

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے