کھیل

ورلڈکپ خاتمے پر جنوبی افریقہ ایکشن میں

جولائی 7, 2019 2 min

ورلڈکپ خاتمے پر جنوبی افریقہ ایکشن میں

Reading Time: 2 minutes

ورلڈکپ کے گروپ میچز مرحلے کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو دس رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے یہ بدترین ورلڈکپ ثابت ہوا جس میں وہ ابتدا ہی سے ناکامیوں کا شکار رہی تاہم آخری میچ میں اس کی فارم لوٹ آئی۔

افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 325 رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز میں اہم کردار کپتان فاف ڈوپلیسی اور ریسی کی شاندار پارٹنرشپ اور جارحانہ بلے بازی نے ادا کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان فاف ڈوپلیسی 94 گیندوں پر 100 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انھوں نے وکٹ کی چاروں جانب شاندار سٹروکس کھیلے۔ وہ آسٹریلوی بولر بھیندروف کی گیند پر سٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسرے نمایاں کھیل پیش کرنے والے بلے باز ریسی ڈیسون تھے جنھوں کے 94 گیندوں پر 95 رنز بنائے۔ ان کی تیز ترین اننگز نے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھائے رکھا۔ وہ کمنز کے گیند پر میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور وہ 52 رنز بنا کر آسٹریلوی بولر لائن کا شکار بنے۔

جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 79 کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر مرکرم آسٹریلوی وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں لاین کی گیند پر سٹیمت آوٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور ناتھن لاین دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں 326 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم آخری اوور میں 315 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی آخری تین وکٹیں مجموعی سکور میں محض 15 رنز کا اضافہ کر سکیں۔ آسٹریلیا کی اننگز میں ڈیوڈ وارنر اور الیکس کیری کی بیٹنگ نمایاں رہی۔

آسٹریلوی بلے باز الیکس کیری 85 رنز بنا کر مورس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو ئے۔ جبکہ اس سے قبل ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اس ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری بنائی لیکن 227 کے مجموعی سکور پر وارنر 122 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر ربادا رہے جنھوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اور اس کا 11 جولائی کو دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ساتھ میچ ہو گا جبکہ انڈیا پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے اور وہ پہلا سیمی فائنل نو جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

آج کے میچ کی اہم بات جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑیوں جے پی ڈوپمنی اور عمران طاہر کے کرکٹنگ کیرئر کا اختتام تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے برسوں تک اپنے کھیل اور انداز سے شائقین کو محظوظ کیا۔

اس جیت کے بعد جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ سفر ختم ہو گیا ہے اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر سات پوائنٹس کے ساتھ ساتویں جگہ بنائی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے