سزا کے بعد بھی دس سال نااہل
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ ملزم سزا پوری کرنے کے بعد بھی دس سال نااہل رہے گا۔
عدالت نے بلوچستان کے سابق وزیر میر فائق جمالی کے مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے ان کو 28 نومبر 2026 تک الیکشن لڑنے سے روک دیا ہے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزیر میر فائق جمالی کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت فائق جمالی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میر فائق جمالی نے نیب کیس میں اکتوبر 2013 تک سزا بھگتی، سزا پوری کرنے کے بعد وہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فائق جمالی نے جیل کی سزا پوری کی، احتساب عدالت نے چھ کروڑ جرمانہ بھی کیا۔ نیب قانون میں سزا پوری کرنے کے بعد دس سال کی نا اہلی ہے۔ آپ کے موکل نے جیل کی سزا پوری کی جرمانہ نہیں دیا۔
فائق جمالی کے وکیل نے بتایا کہ ان کا موکل 29 نومبر 2016 کو جرمانے کی رقم بھی ادا کر چکا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جرمانہ ادا کرنے کی تاریخ سے نااہلی کے دس سال شروع ہوں گے، 2026 کے بعد فائق جمالی الیکشن لڑ لیں۔
خیال رہے کہ فائق جمالی کو کرپشن الزامات پر 14 سال سزا اور چھ کروڑ جرمانہ ہوا تھا، فائق جمالی اکتوبر 2013 مں جیل میں سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہو گئے۔ فائق جمالی کے الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف نیب نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔