کھیل

نیا کپتان کون ہوگا؟

جولائی 8, 2019 2 min

نیا کپتان کون ہوگا؟

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان کون ہوگا اور اس کی دوڑ میں عماد وسیم شامل ہیں یا نہیں۔ اس سوال پر عماد وسیم نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے قہقہہ لگایا اور جواب دیا کہ وہ گھوڑے تھوڑی ہیں کہ دوڑ میں شامل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے معاملات سے وہ ناواقف ہیں، سرفراز سے متعلق سوال پر بھی ٹال مٹول کی اور کہا کہ ”ان سے متعلق سوال مجھ سے نہ کیے جائیں۔“

پاکستان افغانستان میچ کی بدنظمی پر عماد وسیم نے کہا کہ ”ہم مسلمان ہیں، دشمنی کے بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔“

پاکستانی کرکٹرز عماد وسیم اور شاداب خان نے راولپنڈی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران پرفارم تو اچھا کیا مگر رن ریٹ کی وجہ سے آگے نہیں جا پائے۔ ”بھارت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ہم نے کوشش کی مگر دن اچھا نہیں تھا۔“

کرکٹر عماد وسیم نے کہا کہ میڈیا پر پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ہونے والی گروپ بندی کی خبریں درست نہیں ہیں۔ ”ہم نہیں جیت سکے تو ٹیم میں کچھ کمیاں تھیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بیٹھے گا اور ان خامیوں کو دور کیا جائے گا۔“

عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان میں موجود افغان بھائیوں کے رویے پر پاکستانی پلیئرز نے اظہار افسوس کیا، مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں دشمنی کی بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر شادی سے متعلق سوال پر عماد وسیم مسکرائے، کہا کہ شادی پر صحافی بھائیوں کو ضرور بلاؤں گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے