پاکستان24 عالمی خبریں

پاکستانی ٹرمپ کے لیے دعا کریں گے، عمران خان

جولائی 22, 2019 2 min

پاکستانی ٹرمپ کے لیے دعا کریں گے، عمران خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ اگر وہ مسئلہ کشمیر حل کرا دیں تو پاکستانی قوم ان کے لیے دعا کرے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس پہنچنے پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دو ہفتے قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ملے (جاپان میں جی 20 کانفرنس کے موقع پر) اور ہم نے اس موضوع پر بات کی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مودی نے کہا کہ کیا آپ مسئلہ کشمیر پر ثالث بننا چاہیں گے؟ صدر ٹرمپ کے مطابق انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے کہا کہ کشمیر کا معاملہ کئی سالوں سے چل رہا ہے۔ ’میرا خیال ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ حل ہو جائے، کیا آپ بھی چاہتے ہیں کہ معاملہ حل ہو جائے؟ اگر میں مدد کر سکوں تو میں بخوشی ثالث کا کردار نبھانے کے لیے تیار ہوں۔ اگر میں کوئی مدد کر سکتا ہوں تو مجھے ضرور بتائیں۔’

صدر ٹرمپ کی جانب سے کی گئی پیشکش پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور انڈیا کے مابین ثالثی کا کردار ادا کریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اور وہ اپنی جانب سے انڈیا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کی دعائیں صدر ٹرمپ ک ساتھ ہوں گی اگر وہ مسئلہ کشمیر حل کرا سکیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں افغان مسئلے کے حل کے لیے امن معاہدے کے زیادہ قریب ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، امید ہے ہم آنے والے دنوں میں طالبان پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے زور دینے کے قابل ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر ٹرمپ سے ملاقات کے خواہش مند تھے۔  پاکستان کے لیے امریکہ بہت اہمیت رکھتا ہے، افغان جنگ میں پاکستان نے فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں اور پاکستان میں ان کے کافی دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین وزیراعظم ہیں۔ 

ٹرمپ عمران ملاقات پر وائٹ ہاؤس نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان انسداد دہشت گردی، دفاع، توانائی اور تجارت پر بات چیت ہوئی۔ امریکی صدر جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ امریکہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی اور معاشی تعلقات چاہتے ہیں، مضبوط تجارتی تعلقات امریکہ اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں امریکہ نے کہا کہ وہ 15 سال سے پاکستان میں 5بڑے انویسٹرز میں شامل ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے