متفرق خبریں

ابھینندن اور پاکستانی پائلٹ کے لیے اعزازات

اگست 14, 2019 2 min

ابھینندن اور پاکستانی پائلٹ کے لیے اعزازات

Reading Time: 2 minutes

انڈیا نے اپنے یوم آزادی پر فروری میں پاکستان سے رہا ہونے والے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو فوجی اعزاز ’ویر چکر‘ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پاکستان نے فضائیہ کے ان دو افسروں کو فوجی اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے جنھوں نے 27 فروری کو انڈیا کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق صدر مملکت وِنگ کمانڈر محمد نعمان علی خان اور سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو بالترتیب ستارہ جرات اور تمغۂ شجاعت کے اعزازات دیں گے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وِنگ کمانڈر نعمان نے ونگ کمانڈر ابھینندن کے مِگ 21 کو گرایا تھا جبکہ سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی نے انڈیا کے ایک دوسرے جنگی جہاز کو نشانہ بنایا تھا جو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی حدود میں گرا تھا۔

خیال رہے کہ ویر چکر انڈیا کا تیسرا بڑا فوجی اعزاز ہے جو کہ میدانِ جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے پر دیا جاتا ہے۔

27 فروری کو انڈین ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کے طیارے کو پاکستانی فضائیہ کے طیارے نے اس وقت مار گرایا تھا جب وہ لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوا تھا۔

طیارے کی تباہی کے بعد ابھینندن پاکستانی علاقے میں ہی اترے تھے جہاں انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا اور دو دن بعد انھیں انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا

انڈیا نے دعوی کیا تھا کہ ابھینندن کوپاکستان کا ایک ایف سولہ جیٹ گرایا جس کا ملبہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گرا۔ ابھینندن کو اسی ’ایف 16 طیارے کو گرانے‘ پر ہیرو قرار دیتے ہوئے ویر چکر سے نوازا جا رہا ہے۔

پاکستان نے ایف 16 طیارے کی تباہی کے اس دعوے کو متعدد بار مسترد کیا ہے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے