متفرق خبریں

سندھ اسمبلی میں کئی ریکارڈ قائم

اگست 20, 2019 2 min

سندھ اسمبلی میں کئی ریکارڈ قائم

Reading Time: 2 minutes

رپورٹ: عبدالجبارناصر

سندھ اسمبلی کا پہلا پارلیمانی سال مکمل اور دوسرے پارلیمانی سال کا پہلا اجلاس 19اگست کو ہوا ، پہلے پارلیمانی سال 13اگست 2018ء سے 12 اگست 2019ء تک سندھ اسمبلی نے کئی ریکارڈ قائم کیے ، پہلے پارلیمانی سال میں اپوزیشن نے احتجاج کے لئے ہر طریقہ استعمال کیا اور اپوزیشن لیڈر اور کئی ارکان کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور ہوئیں ۔اجلاس اوسطاً دوگھنٹے 35 منٹ روزانہ جاری رہا اور پہلے پارلیمانی سال میں مجموعی طور پر 230سے زائد گھنٹے اجلاس ہوا اور دیگر اسمبلیوں کے مقابلے میں سندھ میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ۔ ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان اکثر اوقات مچھلی بازار کا سامنظر پیش کرتا رہا ۔

قواعد کے مطابق سندھ اسمبلی نے ایک سال میں کم از کم 100 دن اجلاس کرنا تھے مگر موجودہ اسمبلی نے پہلے پارلیمانی سال میں 130دن اجلاس کیے جن میں سے 90 دن اجلاس اور 40دن چھٹی میں شمار ہوئے تاہم ارکان کو مراعات 130 دن کی ملیں ۔اسمبلی کی تاریخ کا طویل ترین سیشن پہلے پارلیمانی سال میں 9جنوری 2019ءسے 18 مئی 2019ء تک جاری رہا جس میں اجلاس کے دن 69 شمار ہوئے ، یہ دونوں سندھ اسمبلی میں ریکارڈ ہے ۔

سندھ اسمبلی میں پہلے پارلیمانی سال میں 12بل منظور ہوکر ایکٹ بن چکے ہیں جبکہ 10 کے قریب بل ابھی ایوان میں منظوری کے مراحل میں ہیں۔سب سے اہم بل پولیس آرڈر 2002ء کی بحالی کا ہے۔پہلے پارلیمانی سال میں مختلف ایشوز کے حوالے 30سے زائدقراردادیں منظور ہوئیں جن میں اسمبلی کے قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور تحریک انصاف کے نصف درجن کے قریب ارکان کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی شامل ہیں ۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق مختلف محکموں کے 700سے زائد سوالات اور 300توجہ دلائونوٹسز ایوان میں پیش ہوئے ۔

پہلے پارلیمانی سال میں مجموعی طور پر 5 سیشن ہوئے ۔پہلا سیشن 13 سے 16 اگست2018ء تک جاری رہا ، جس میں 3 دن اجلاس ہوئے ۔ دوسرا سیشن 17 سے 30ستمبر 2018ء تک 8 دن جاری رہا اور اس میں تمام دن کارروائی ہوئی ۔تیسرا سیشن 9 سے 26 نومبر 2018ء تک 18 دن جاری رہا ،جس میں 11دن اجلاس اور 7 دن چھٹی شمار ہوئی ۔ چوتھا سیشن 9جنوری 2019ءسے 18 مئی 2019ء تک 69دن اجلاس کے شمار ہوئے ، ان میں سے 49 دن اجلاس ہوا اور 20 دن درمیان میں ہفتہ واری چھٹی کے ہیں ۔اس سیشن میں سندھ اسمبلی کی تاریخ میں اپوزیشن نے سب سے زیادہ احتجاج یا بائیکاٹ کیا ۔29 اپریل کو دوپہر 2 بجے شروع ہونے والا اجلاس بغیر کسی وقفے کے رات سوا 12 بجے (30اپریل)تک جاری رہا، اس طرح ایک اجلاس دو دن جاری رہنے کا ریکارڈ بھی بنا۔پانچواں سیشن 12 جون 2019ء کو شروع ہوا جو تاحال جاری ہے ۔ اس سیشن میں پہلے پارلیمانی سال میں 31 دن اجلاس کے شمار ہوئے ،جن میں 19 دن اجلاس ہوا اور 12 دن چھٹی میں شمار ہوئے ، اس سیشن میں بھی دو بار اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کیا گیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے