متفرق خبریں

’جنرل باجوہ نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا‘

Reading Time: 3 minutes وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں فردوس عاشق نے بتایا کہ ”دسمبر تک نوکریوں کے حوالے سے اہم اثرات آنا شروع ہوجائیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو اگلے تین سال کے لیے تسلسل درست اقدام ہے۔“

اگست 20, 2019 3 min

’جنرل باجوہ نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا‘

Reading Time: 3 minutes

پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی اطلاعات کے لیے مشیر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوکریاں ہمارا اہم ایجنڈا پوائنٹ ہے جبکہ پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ فوج کے سربراہ جنرل باجوہ کو جاتا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں فردوس عاشق نے بتایا کہ ”دسمبر تک نوکریوں کے حوالے سے اہم اثرات آنا شروع ہوجائیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو اگلے تین سال کے لیے تسلسل درست اقدام ہے۔“

انہوں نے فوجی سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر کہا کہ ”اس کی وجہ پالیسی کو تسلسل چاہیے۔ جنرل قمر باجوہ کی ذاتی کریڈیبلٹی کو دنیا نے بھی تسلیم کیا۔ قوم جب حالت جنگ میں ہو تو کمانڈر نہیں بدلے جاتے۔ ہمیں اپنے اور پاکستان کے مفاد کو دیکھنا ہے۔“

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع ایک درست اقدام ہے۔ پاکستان کی پالیسی کے تسلسل کے لیے یہ اچھا ہے۔ ”نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔“

اطلاعات کی مشیر نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 13نکاتی ایجنڈازیرغورآیا۔ کابینہ ارکان کی جانب سے عوامی مفادات سے متعلق تجاویز کاجائزہ لیاگیا۔ مختلف وزراء نے عوامی ضروریات سے متعلق اقدامات کابینہ میں پیش کئے۔


”وزیراعظم سٹیزن پورٹل اور وزیراعظم شکایت سیل ایک دوسرے سے معلومات شیئر کریں گے۔ پہاڑی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والی مصنوعات متعارف کرارہے ہیں۔ شجرکاری مہم میں پھلدار درختوں کی کاشت بڑھانے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پھلدار درختوں کی کاشت بڑھانے کیلئے نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا۔“ 

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ وزیر توانائی نے اپنی وزارت میں 120ارب روپے کی ریکارڈ بچت سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر امور کشمیر نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ سیاحتی علاقوں میں مقامی افراد کو تفریح مقامات پر ایک کمرہ بنانے کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ اقدام سے مقامی افراد کو اضافی آمدن اور سیاحوں کو سستی رہائش میسر آسکے گی۔

’کابینہ کو گیس اور بجلی کے شعبے میں ’’ای میٹرز‘‘کے نفاذ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کابینہ کو کھیلوں کے فروغ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے ایک سال میں گرتی معیشت کو سنبھالا دیا۔ وزیراعظم نے کاروباری مواقع آسان بنانے کیلئے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کیں۔‘

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال استحکام پاکستان جبکہ رواں برس تعمیر پاکستان کا سال ہے۔ وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ون ونڈو آپریشن کی ہدایت کی۔ روزگار بڑھانے کیلئے صنعتوں کا فروغ ضروری ہے۔ ملک میں سر مایہ کاری بڑھانے میں سمندر پار پاکستانی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔


اطلاعات کی مشیر نے کہا کہ پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کی بھی منظوری دی گئی۔ ’فریم ورک کے تحت 9ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں۔ 9ورکنگ گروپس 71نکات پر آگے بڑھنے کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ پاک ترک آزادانہ تجارتی معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ منصوبے کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تحت وسط ایشیائی ریاستوں اور ترکی کے ذریعے یورپ سے تجارت بڑھائی۔
’کم قیمت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی کی منظوری دی گئی۔ مکانات کی تعمیر کیلئے قرضے بلاسود فراہم کیے جائیں گے۔ کرسچن میرج اور طلاق بل 2019کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ گھریلو تشدد سے تحفظ اور روک تھام کے بل کی بھی منظوری دی گئی۔‘

فردوس عاشق نے کہ اکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی منظوری دی گئی۔ بورڈ آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات شعبے میں اصلاحات اور جدت لائے گی۔ وزارت مواصلات نے 7ارب روپے کی ریکوری کی۔ وزارت مواصلات نے این ایچ اے کی آمدن میں 52 فیصد اضافہ کیا اور غیر قانونی قابضین سے 4ہزار کنال سے زائد اراضی واگزار کرائی۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے