عالمی خبریں

انڈین صدر کے لیے پاکستانی فضا بند

ستمبر 7, 2019 2 min

انڈین صدر کے لیے پاکستانی فضا بند

Reading Time: 2 minutes

پاکستان نے انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند کے طیارے کے گزرنے کے لیے اپنی فضائی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی حکومت نے اںڈین صدر کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے یہ فیصلہ کشمیر میں انڈیا کی جانب سے جاری ظلم و تشدد کے تناظر میں کیا ہے کیونکہ انڈین حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔

انہوں نے بتایا کہ انڈین کی جانب سے ان کے صدر کے دورہ آئس لینڈ کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے بتایا کہ اس فیصلے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے دی۔

شاہ محمود نے کہا کہ ’کشمیر میں ظلم اور بربریت کا ماحول ہے، ہم نے نہایت محتاط طریقے سے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو بے نقاب کرنے جنیوا جا رہے ہیں اور ان کے عالمی تنظیموں سے بھی رابطے ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے فرانس جاتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھی جس پر پاکستان میں عوامی سطح پر سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا اور انڈیا کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

مودی گزرنے کے بعد پاکستان کے ​وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انڈیا کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

فواد چودھری نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’کابینہ کے اجلاس میں یہ تجویز بھی زیرغور آئی کہ انڈیا کے لیے پاکستان کے زمینی راستے بھی مکمل بند کیے جائیں جس سے وہ افغانستان سے تجارت کرتا ہے۔‘

خیال رہے کہ انڈیا کی جانب سے پانچ اگست کو اپنے زیرانتظام کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات سخت کشیدہ ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے