پاکستان پاکستان24

پاکستان میں دھرنے کا ماہر میں ہوں، عمران خان

نومبر 18, 2019 2 min

پاکستان میں دھرنے کا ماہر میں ہوں، عمران خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں وہ اکیلے دھرنے کے ماہر ہیں اور اللہ نے ان کو مافیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔

پیر کو حویلیاں میں ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھیل ہو یا کوئی اور میدان جیت ہمیشہ جنون کی ہوتی ہے۔ 

عمران خان نے کہا کہ سی پیک صرف ایک سڑک کا نام نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، ہم نے موٹر ویز تو بنانی ہیں لیکن پیسہ عوام پر خرچ کرنا ہے۔

جے یو آئی ف کے دھرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایک سرکس ہوئی، دھرنے سے ہماری کابینہ کے کچھ لوگ گھبرا گئے تھے کیونکہ وہ کمزور دل رکھتے ہیں لیکن میں نے انہیں سمجھایا کہ تسلی رکھیں کچھ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو جتنا بڑا کرپٹ تھا وہ کنٹینر پر اتنا ہی زیادہ شور مچا رہا تھا لیکن انہیں شاید پتہ نہیں کہ پاکستان میں دھرنے کا ماہر میں ہوں۔

ان کا کہنا تھا شروع میں کہہ دیا تھا کہ یہ لوگ ایک مہینہ یہاں گزار لیں تو میں ان کی ساری باتیں مان جاؤں گا، پارٹی کے لوگوں کو بتایا کہ کنٹینر اور دھرنا کیا ہوتا ہے، جب آپ 126 دن گزارتے ہیں تو کوئی نظریہ اور مقصد ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جس طرح مدرسے کے بچوں کو لایا گیا مجھے اس کا بہت افسوس ہے کیونکہ وہ بھی ہمارے ہی بچے ہیں، دھرنے میں شریک بچوں میں کسی نے کہا کہ عمران خان اسرائیل کا جھنڈا گاڑھنے کے لیے آیا ہے اس لیے ہم دھرنے میں آئے ہیں اور کوئی کہہ رہا تھا کہ پاکستان پر قادیانیوں کا قبضہ ہونے والا ہے، سب سے زیادہ تکلیف اس پر ہوئی کہ بچے بیچارے سرد موسم میں بیٹھے رہے اور فضل الرحمان کنٹینر میں بیٹھا رہا۔

مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ایک آدمی اسلام کے نام پر سیاست کر رہا ہے، ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والا، کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ پر بکنے والا حکومت گرانے کی باتیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فضل الرحمان کی آخرت کی فکر ہے، دعا مانگتا ہوں کہ اللہ تعالی انہیں وہ سزائیں نہ دے جو انہیں ملنی ہیں۔

وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھی وہاں موجود تھا جو خود کو لبرل کہتا ہے، وہ لبرل نہیں بلکہ لبرلی کرپٹ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تھیوری سے تو آئن اسٹائن بھی گھبرا گیا ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، آئن اسٹائن کی روح اس سے بھی زیادہ اس وقت ٹرپ اٹھی ہو گی جب بلاول نے کہا کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے زیادہ پانی آتا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے