پاکستان24

’ڈکٹیٹر کے مقدمات پر تالے لگائے جا رہے ہیں‘

دسمبر 6, 2019 2 min

’ڈکٹیٹر کے مقدمات پر تالے لگائے جا رہے ہیں‘

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ جس ڈکٹیٹر نے ہمارے بزرگوں کے تابوت پر تالے لگائے آج حکومت اس کے خلاف زیر سماعت مقدمات کو تالے لگا رہی ہے۔

پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ جب ہمارے بچے اغوا ہو رہے تھے تو سب خاموش تھے آج ملک کے دیگر صوبوں میں بھی لوگوں کے بچوں کا اغوا شروع ہو گیا ہے مگر ہم ان کے لیے بھی بول رہے ہیں۔

انہونے کہا کہ اب بلوچستان میں ان کی ماؤں بہنوں کے اغوا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پورا ملک خاموش ہے، کل کو یہ دوسرے صوبوں کے لوگوں کے ساتھ بھی ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اسیر اراکین کے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے پر اپوزیشن نے سیشن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آوٹ کیا جبکہ حکومتی اتحادی بی این پی مینگل اور فاٹا اراکین نے بلوچستان سے گرفتار چار خواتین کی رہائی تک روزانہ سپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

سرداراختر مینگل نے اپنی تقریر میں حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کا اشارہ بھی دیا۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بلوچ خواتین کی ہدایات جاری کرتے ہوئے جمعہ کو وزیر داخلہ کو ایوان میں طلب کرلیا۔

ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ ن کے احسن اقبال نے چار گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے اور رانا ثنا اللہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے کا مسئلہ اٹھایا اور اعلان کیا پک اینڈ چوز نہیں چلے گا، اس وقت تک سیشن کا بائیکاٹ کریں گے جب تک سپیکر کے احکامات پر عمل نہیں ہوگا۔

حکومتی اتحادی سردار اختر مینگل نے نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”پہلے ہمارے بزرگوں کے تابوت کو تالے لگائے گئے اب بلوچوں کے قاتل ڈکٹیٹر کے مقدمات کو تالے لگائے جارہے ہیں اگر ہم اصولوں اور عزت کے لیے پچھلی حکومتوں سے الگ ہوسکتے ہیں تو اس سے بھی الگ ہوسکتے ہیں۔“

انہوں نے چار بلوچ خواتین کی رہائی تک سپیکر ڈائس کے سامنے روزانہ دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

بی این پی مینگل اور فاٹا اراکین کے دھرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن نے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف واک کیا اور پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے کورم کی نشاندہی کی تو کورم پورا نہ نکلا جس پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے