انڈین سائنسدان 24 سال بعد بری

انڈیا کی سپریم کورٹ نے خلائی تحقیق کے ادارے اسرو کے ایک سرکردہ سائنسدان ایس نامبی ناراینن کو جاسوسی کے الزام سے بری کر دیا ہے ۔ سائنسدان کے ساتھ دو غیر ملکی خواتین کو بھی بھی بے گناہ قرار دیا گیا ہے ۔ عدالت عظمی نے حکومت کو انہیں پچاس لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ‏عدالت نے کہا ہے کہ اس فرضی جاسوسی کے واقعے کے ذمہ دار پولیس افسروں اور خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

بی بی سی کے مطابق چوبیس برس قبل 1994 میں کیرالہ کی پولیس اور خفیہ سروس نے اسرو کے ایک سرکردہ خلائی سائنسداں اور کرائیوجینک راکٹ پروجکٹ کے سربراہ ایس نامبی ناراینن کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔ ان پر مالدیپ سے تعلق رکھنے والے دو خواتین کے توسط سے انڈیا کے خلائی پروگرام کے راز پاکستان کی خفیہ سروس آئی ایس آئی کو فروخت کرنے کا الزام عائد کیا گیا ۔

جاسوسی کا یہ سنسی خیر واقعہ کیرالہ میں سیاحت کے لیے آنے والی مالدیپ کی دو خاتون سیاحوں مریم رشید اور فوزیہ حسن کی گرفتاری سے شروع ہوا۔ پولیس نے انہیں ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد ملک میں رکنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا ۔ تفتیش کے دوران پولیس کو مریم رشید کی ڈائری سے اسرو کے ایک سائنسداں ڈی ششی کمارن کا ٹیلی فون نمبر ملا۔ ایک مہینے کے اندر پولیس نے مریم، فوزیہ، سائنسدان نمبی ناراینن، ڈی ششی کمارن اور روسی خلائی ایجینسی کے ایک ایجنٹ چندر شیکھر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔

اس معاملے کی سی بی آئی سے تحقیق کرائی گئیں۔ تفتیشی بیورو نے دو برس کے اندر 1996 میں اس کیس کو پوری طرح جعلی قرار دیا اور اس فرضی پلاٹ کے ذمے دار پولیس افسروں اور انٹیلی جنس بیورو کے اہلکاروں کے خلاف ایک رپورٹ حکومت کو بھیجی۔ سی بی آئی کی تفتیش اور رپورٹ کے باوجود ناراینن کو انصاف ملنے میں 24 برس لگ گئے ۔

تفتیش سے یہ بھی پتہ چلا تھا کہ مالدیپ کی مریم رشیدہ دراصل پولیس افسر کے پاس یہ بتانے گئی تھیں کہ ان کے پاس ٹکٹ ہونے کے باوجود وہ اس روز ہڑتال کے سبب واپس نہیں جا سکیں گی۔ پولیس افسر نے انہیں حراست میں رکھ کر جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ ان کی ڈائری سے اسرو کے سائسندان ششی کمارن کا جو فون نمبر ملا تھا وہ ان کی بیوی نے دیا تھا جو ایک ڈاکٹر ہیں اور جن کو مریم نے دکھایا تھا۔ ششی کمارن کرائيوجینک پروجکٹ کے سربراہ ناراینن کے ساتھ کام کر رہے تھے ۔

چوبیس برس بعد سپریم کورٹ نے گزشتہ جمعہ کو ناراینن کے خلاف تمام الزامات اور جاسوسی کے سارے پلاٹ کو جعلی قرار دیا ۔ تاہم اس دوران سائنسدان کی زندگی تباہ ہوگئی اور غیر ملکی سیاح خواتین مہینوں جیل میں رہیں ۔

متعلقہ مضامین