کھیل

پاکستان نے 418 رنز پر باری ختم کر دی

نومبر 25, 2018 2 min

پاکستان نے 418 رنز پر باری ختم کر دی

Reading Time: 2 minutes

پہلا ٹیسٹ میچ جیت کے قریب آ کر ہارنے والی پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں محتاط آغاز کیا اور حارث سہیل کے بعد بابر اعظم نے سنچری اسکور کی تو اننگ ڈیکلیئر کر دی ۔ اس وقت اسکور بورڈ پر ۴۱۸ رنز کا ہندسہ تھا ۔

اتوار کے پاکستان کی ایک وکٹ گری جب حارث سہیل 147 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ بابر اعظم نے 127 جبکہ سرفراز احمد نے 30 رنز بنائے ۔ چائے کے وقفے سے قبل پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 363رنز بنائےتھے ۔

یاد رہے کہ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی ۔ ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں چوتھے دن 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 171 رنز ہی بنا سکی ۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی رنز کے اعتبار سے سب سے کم رنز سے شکست اور نیوزی لینڈ کی سب سے کم رنز سے فتح تھی ۔

کھانے کے وقفے تک بظاہر یہ لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ باآسانی جیت لے گا لیکن دوسرے سیشن میں نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کر دیا ۔ وہ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے 59 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے لیکن اننگز کے آخر میں وہ ٹیم کو فتح یاب کرنے میں ناکام رہے اور دباؤ میں بہتر کھیل نہ پیش کر سکے۔

کھانے کے وقفے سے ایک گیند قبل جب اسد شفیق آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کو مزید 46 رنز کی ضرورت تھی اور چھ وکٹیں باقی تھیں۔ لیکن دوسرے سیشن میں پاکستان بلے بازوں نے انتہائی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں پاکستان کو اس میچ میں فتح کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا تھا۔

اس ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 153 رنز کے جواب میں 227 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے نیوزی لینڈ پر پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری ملی تھی۔

پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں نمایاں بلے باز بابر اعظم رہے تھے جنھوں نے 62 رنز بنائے تھے۔ ان کے علاوہ اسد شفیق نے 43 جب کہ حارث سہیل نے 38 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے