پاکستان24 متفرق خبریں

الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بن چکا

جولائی 12, 2018 2 min

الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بن چکا

Reading Time: 2 minutes

 مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس اپنی ظلم و زیادتی روک لیں جب مسلم لیگ کی حکومت آئے گی تو ہم انھیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ۔ شہبار شریف نے کہا کہ نواز شریف کی جمعے کو وطن آمد سے قبل ان کی جماعت کے سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاریاں قبل از انتخاب دھاندلی اور عام انتخابات کو داغدار کرنے کی کوشش ہے۔ ن لیگ کے صدر نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن اس وقت کٹھ پتلی بن چکا ہے ۔

سابق وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے صوبے میں نگران حکومت اور ماتحت انتظامیہ کے اقدامات پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے احکامات پر لاہور اور راولپنڈی میں ان کے سینکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاکہ وہ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور ایئرپورٹ نہ جا سکیں ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہمارے سینکڑوں کارکن لاہور،راولپنڈی اور دوسرے شہروں میں گرفتار کیے جا چکے ہیں اور 30 دن کے لیے انھیں پابند کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ انتخابات سے قبل کھلی دھاندلی ہے ۔‘ ن لیگ کے صدر نے کہا کہ ’یہ صرف کل کے دن کے لیے نہیں ہو رہا۔ یہ انھوں نے انتخابات کو اب داغدار کرنا ہے۔ یہ انتخابات پر شکوک و شبہات ڈال رہے ہیں۔‘

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان تمام حربوں کے باوجود مسلم لیگ ن نواز شریف کا پرامن طریقے سے استقبال کرے گی اور وہ لوہاری مسجد سے استقبالی جلوس کی قیادت کریں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ انتخابات تک کسی کو گرفتار نہ کیا جائے لیکن ن لیگ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

’ہمارا کل کا پروگرام انتہائی پرامن تھا اور ہے لیکن اس کو بھی گوارا نہیں کیا جا رہا، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کچھ تو دال میں کالا ہے ۔‘ ان کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے باوجود عمران خان کو لاہور میں جلسے کی اجازت دے گئی ہے اور ہمیں کہا جا رہا ہے کہ آپ دفعہ 144 کے پابند ہیں ۔ شہباز شریف نے انتظامیہ اور پولیس کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنی ظلم و زیادتی روک لیں۔ جب مسلم لیگ کی حکومت آئے گی تو وہ انھیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہمیں ڈرا لیں گے دھمکا لیں گے چاہے وہ تھانیدار ہے، ایس پی ہے یا ڈپٹی کمشنر ہے، وہ اچھی طرح کان کھول کر سن لیں کہ یہ جنتی مرضی دھاندلی کر لیں ہم یہ الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن کے نتائج خدانخواستہ اور نکلتے ہیں جس کی شروعات ہو چکی ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ ذمہ دار وہ ہوں گے جو الیکشن کو داغدار کر رہے ہیں، جان لیں کہ 26 کو مسلم لیگ ن کی حکومت آئے گی تو ہم آپ کے ساتھ زیادتی تو نہیں کریں گے لیکن انصاف کریں گے ۔‘

ن لیگ کے صدر نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن اس وقت کٹھ پتلی بن چکا ہے تاہم انھوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ ان کے گرفتار کارکنوں کو رہا کرنے کے احکامات دیے جائیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے