پاکستان پاکستان24

زیادتی کا ازالہ کریں گے

دسمبر 10, 2018 2 min

زیادتی کا ازالہ کریں گے

Reading Time: 2 minutes

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتی ہے، تاجر ہمیں تجاویز دیں، انسداد تجاوزات مہم میں جن لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، حکومت ان متاثرین کا ازالہ کرے گی، کمیٹی بنائی جائے گی جو متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے، بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کراچی کے دورے پر پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استقبال کیا، جس کے بعد گورنر ہاؤس میں وزیراعظم اور گورنر کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں اسٹاک مارکیٹ کے وفد نے چیئرمین سلیمان مہدی جب کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد نے سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں وزیر اعظم  سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی ترجیحات اور پالیسی واضح کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے تاجروں سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے، کاروبار کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، حکومت کی پوری مالیاتی ٹیم کے ساتھ آیا ہوں تاکہ کاروباری افراد کے مسائل سن سکوں اوران کا فوری حل نکالا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے ملک اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔

کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم نے 50 سال پرانی لیز والوں کی بحالی کے لیے پٹیشن دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے