متفرق خبریں

پشاور پریس کلب میں پی ٹی ایم کو اجازت نہیں

جنوری 24, 2019 3 min

پشاور پریس کلب میں پی ٹی ایم کو اجازت نہیں

Reading Time: 3 minutes

اپںے حقوق کیلئے کام کرنے والی قبائلی نوجوانوں کی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ان کو پشاور پریس کلب میں علاقائی مسائل پر سیمنار منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ دوسری جانب پریس کلب کی انتظامیہ نے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی کے دباؤ پر منسوخ کیا گیا ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پی ٹی ایم کے رہنما رحیم شاہ ایڈوکیٹ نے بتایا ہے کہ ان کی تنظیم کی طرف سے ایک ہفتہ قبل پریس کلب میں سیمینار کے انعقاد کے لیے بکنگ کی گئی تھی اور اس ضمن میں 15000 روپے پیشگی رقم جمع کرائی گئی تھی۔ رحیم شاہ کے مطابق گذشتہ روز پریس کلب کی انتظامیہ کی طرف سے ان کو بذریعہ ٹیلی فون مطلع کیا گیا کہ چونکہ ان پر بعض لوگوں کی طرف سے دباؤ ہے لہذا ان کو کلب میں سیمینار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

رحیم شاہ ایڈووکیٹ کے مطابق یہ سیمینار خیبر ایجنسی کے قبائل کے مقامی مسائل سے متعلق ہے جس میں ان کے ٹرانسپورٹ اور آّڈوں کے معاملات قابل ذکر ہیں۔ انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے ایک ایسے ادارے نے سیمینار کے انعقاد سے انکار کیا جس کا مقصد ہی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کلب کی جانب سے انکار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یہ سیمینار اب پریس کلب کے باہر سڑک پر منعقد کیا جائے گا اور جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دوسری طرف پشاور پریس کلب کی انتظامیہ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ پی ٹی ایم کا سیمینار کسی دباؤ کے نتیجے میں منسوخ کیا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ نے بتایا کہ پی ٹی ایم کے رہنماؤں کو واضح طورپر بتایا گیا تھا کہ چونکہ کلب میں تعیمراتی کام ہو رہا ہے لہذا ایسی صورت یہ ممکن نہیں ہو گا اور نہ ان کے پاس اتنے سارے افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کلب کے عہدیدار بھی پی ٹی ایم کو سیمینار کی اجازت دینے پر منقسم تھے لہذا مصلحت اسی میں جانی گئی کہ ان کو معذرت کی جائے۔

اسی دوران پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنے ایک سرگرم ورکر عالم زیب محسود کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی ایم ذرائع کے مطابق یہ احتجاج بدھ کو ملک کے مختلف شہروں کے پریس کلبوں اور عوامی مقامات پر کیا جا رہا ہے جس میں عالم زیب محسود کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عالم زیب محسود کو منگل کو کراچی میں گرفتاری کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے ایک جلسہ منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد عالم زیب اور دیگر سرگرم کارکنوں کی گرفتاری عمل میں آئی ۔

یاد رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ نے اتوار کو شمالی وزیرستان کے علاقے خیسور میں بھی ایک بڑا جلسہ کیا تھا جس میں مطالبہ کیا کہ متاثرہ بچے حیات خان کے والد اور بھائی کو رہا کیا جائے اور گھر میں گھسنے والے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔

تنظیم کے سربراہ منظور پشتین نے کہا تھا کہ اگر ایک ہفتے میں اُن کے یہ مطالبات حل نہیں ہوئے تو سخت احتجاج کریں گے۔ پی ٹی ایم کے مطابق جلسے میں ہزاروں لوگ آئے تھے، ہم نے اپنے مطالبات اُن کے سامنے رکھے۔ ایک ہفتے میں حل ہوئے تو ٹھیک ورنہ پھر سخت احتجاج کے لیے تیار رہیے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے