متفرق خبریں

حملہ ہوا تو جواب دیں گے، وزیراعظم

فروری 19, 2019 2 min

حملہ ہوا تو جواب دیں گے، وزیراعظم

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انڈیا کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار ہوتا ہے ختم کرنے کا نہیں، حملے کی صورت پاکستان ردعمل کا سوچے گا نہیں بلکہ جواب دے گا ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر انڈیا نے جنگ مسلط کی تو پاکستان کے پاس اس کا جواب دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ ‘حملے کی صورت پاکستان ردعمل کا سوچے گا نہیں بلکہ جواب دے گا۔’

منگل کو سرکاری ٹی وی پر پلوامہ واقعہ پر پاکیسی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر انڈیا کے پاس ایسے شواہد ہیں کہ جس پر کارروائی ہو سکے تو پاکستان کو دے، اس پر کارروائی کریں گے ۔ 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اس خطے کے امن و استحکام کے لیے کریں گے کسی کے دباؤ میں نہیں، یہ ہمارے اپنے مفاد میں ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے لیے پاکستان کی سرزمین کا استعمال پاکستان سے دشمنی ہے کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور 70 ہزار سے زائد انسانی جانوں کی قربانی دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم کیوں چاہیں گے کہ ہماری زمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو، اس سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا۔’

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ انڈیا نے حملے کے فوری بعد کسی ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام لگایا۔ انہو ں نے کہا کہ ‘سعودی ولی عہد کے اتنے اہم دورے کے موقع پر کوئی احمق ہی اس طرح کا واقعہ کر کے خود کو نقصان پہنچاتا۔؛

عمران خان نے کہا کہ پاکستان 15سال طویل دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد استحکام کی طرف جا رہا ہے، ایسے وقت میں اس طرح کے واقعات کا پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا ۔ وزیراعظم نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر افغانستان کے اندر  17سال بعد ساری دنیا اس نتیجے پر پہنچی کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور مذاکرات کرنا ہیں تو ہندوستان کو بھی کشمیر کے حوالے سے نئی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے ۔’ 

عمران خان نے کہا کہ ظلم اور طاقت کے استعمال سے کشمیر کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہوا تو آئندہ بھی نہیں ہوگا ۔ انہوں نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات شروع کرے ۔ 

انہوں نے کہا کہ ‘انڈیا کو سوچنا چاہیے کہ کشمیری نوجوان اس حد تک کیوں گئے ہیں۔’ عمران خان  نے کہا کہ انڈیا سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ پاکستان کو سبق سکھایا جائے، پاکستان پر حملہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں احساس ہے کہ یہ آپ کا الیکشن کا سال ہے اس طرح کے بیانات کا فائدہ ہوتا ہے۔؛

عمران خان  نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، اسے شروع کرنا آسان لیکن ختم کرنا مشکل ہوتا،حملے کی صورت میں پاکستان جواب کا سوچے گا نہیں بلکہ جواب دے گا ۔

اس سے قبل انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے 13 فروری کے پلوامہ حملے کے بعد تین دنوں میں پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے