متفرق خبریں

حوصلہ مند بیوہ نے حیران کر دیا

مارچ 20, 2019 2 min

حوصلہ مند بیوہ نے حیران کر دیا

Reading Time: 2 minutes

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد کی فائرنگ سے مارے جانے والے پاکستانی نعیم رشید کی بیوہ کے انٹرویو نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے ۔

نیوزی لینڈ کے ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بیٹے طلحہ اور شوہر نعیم کو کھونے والی عنبرین رشید نے کہا ہے کہ اسے دہشت گرد پر رحم آتا ہے کہ اس کے دل میں محبت نہیں، نفرت تھی، وہ امن و محبت محسوس نہیں کرسکا ۔

عنبرین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کو ابھی تک شوہر اور بیٹے کی تدفین کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ وہ چاہتی ہیں کہ اپنے شوہر اور بیٹے کی میتیں دیکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ’اسلام امن کا مذہب ہے جو لوگوں کی حفاظت کی تعلیمات دیتا ہے اور محبت کرنا سکھاتا ہے ‘۔

ان کا کہنا تھا کہ نعیم نے سب کو اس لیے بچانے کی کوشش کی کیونکہ وہ بہت محبت کرنے والے شخص تھے اور محبت ہی نے انہیں اتنی ہمت دی کہ انہوں نے دوسرے لوگوں کی جان بچائی ۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ’اسلام محبت اور امن کا مذہب ہے اور جس چیز نے مجھے اس صورتحال میں مضبوط رکھا وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر پختہ یقین ہے کیونکہ اللہ اُن بندوں کو پسند کرتا ہے جو دوسروں کا خیال رکھتے ہیں‘۔

عنبرین راشد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ مسجد ہی جاکر نماز ادا کریں گی جسے کوئی چیز روک نہیں سکتی کیونکہ اس حادثے نے انہیں پہلے سے زیادہ مضبوط کردیا ہے۔ 

انٹرویو کے اختتام پر خاتون رپورٹر نے عنبرین رشید سے کہا کہ ’مجھے آپ نے حد درجہ متاثر کیا ہے، کیا میں آپ سے گلے مل سکتی ہوں۔؟

عنبرین نے کہا کہ ’کیوں نہیں، ضرور۔‘

اس ویڈیو کلپ کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے نعیم رشید کی بیوہ کے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کر کے لکھا ہے کہ ’اسلام کی طاقت ہے جس نے اس خاتون کو اتنا حوصلہ اور صبر دیا ہے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے