کالم

سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا

اپریل 9, 2019 2 min

سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا

Reading Time: 2 minutes

ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلور کا خیال تھا پارٹی میں سیکرٹری اطلاعات کی سیٹ پر وہ بلامقابلہ جیت جائیں گے ۔ پورا یقین تھا پارٹی کے مرکزی راہنما جو ان کے والد کی خود کش حملے میں شہادت پر دکھی تھے اور بہت روئے تھے ان کی کامیابی کیلئے کردار ادا کریں گے ۔

دانیال بلور سوچتا تھا عوامی نیشنل پارٹی اور پختونوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے دادا نے جان قربان کی پھر والد نے جان دی, اس لئے پارٹی کی مرکزی قیادت دست شفقت رکھے گی ۔ لیکن دانیال بلور یہ نہیں جانتا سیاست کے سینے میں دل نہیں صرف دماغ ہوتا ہے ۔ دماغ سوچتا ہے اس نوجوان کے ورثہ میں خون کا اثاثہ ہے کہیں ہماری جگہ نہ لے لے ۔

دماغ تو ہمیشہ عقل کی بات سمجھاتا ہے جب روز بم دھماکے ہوتے تھے دماغ نے کہا ملک چھوڑ دو اور ملک چھوڑ دیا لیکن حاجی بشیر بلور، حاجی غلام احمد بلور تو ملک سے نہیں بھاگے ۔ جہاں بم دھماکہ ہوتا بلور برادران وہاں پہنچتے اور پھر پہلے ایک بلور مارا گیا پھر دوسرا بلور مار دیا، پھر تیسرا بلور کفن باندھ کر آگیا آو اب مجھے مارو میں بھی اپنے باپ دادا کے نقش قدم پر چلنے والا ہوں ۔

دانیال بلور کے مقابلہ میں عوامی نیشنل پارٹی کا ایک اور امیدوار بھی کھڑا ہو گیا ہے ۔ مسئلہ امیدوار کھڑا ہونے میں نہیں، سب کو حق ہے ۔ کسی کو نہیں روکا جا سکتا کہ تم ہمارے خاندان کی قربانیوں کو یاد رکھو اور دست بردار ہو جاو ۔ مسئلہ یہ ہے قیادت نے دانیال بلور کے مقابلہ میں اپنا امیدوار کھڑا کر دیا ہے اور اس کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے ۔

غلام احمد بلور کی آنکھوں میں آنسو تھے وہ حیران تھا یہ کیسے ممکن ہے اس کے شہید بھائی کے خاندان کو پارٹی کے اندر رسوا کیا جا رہا ہے ۔ اس کے سفید بالوں کی لاج نہیں رکھی جا رہی ۔

منظور پشتین نے پختونوں کے حقوق کی ملکیت تو پہلے ہی چھین لی ہے بجائے پارٹی کو مستحکم کرتے اور منظور پشتین کیلئے میدان کھلا نہ چھوڑتے، یہاں تو سیکرٹری اطلاعات کی سیٹ نہیں چھوڑ رہے اور پختونوں کے حقوق کی جنگ کا کنٹریکٹ منظور پشتین کو دینے کیلئے تیار ہیں ۔

اجمل خٹک کا وقت اور تھا ۔ بیگم نسیم ولی خان اور فرید طوفان کو جب پارٹی سے نکالا وہ وقت دوسرا تھا، اب حالات تبدیل ہو چکے ۔ غفار خان اور ولی خان کا ورثہ نہیں سنبھالا اور جن کے ذریعے، جن کی قربانیوں اور طاقت سے غفار خان اور ولی خان کا ورثہ سنبھالا جا سکتا ہے انہیں پارٹی میں اپنا حریف سمجھ لیا ہے ۔

سیاسی جماعتیں اس طرح نہیں چلتیں جس طرح عوامی نیشنل پارٹی چلائی جا رہی ہے ۔ بلور خاندان نے اگر پارٹی چھوڑ دی تو سیکرٹری اطلاعات کی سیٹ محفوظ ہو جائے گی لیکن عوام اسے اچھا نہیں سمجھیں گے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے