پاکستان24 متفرق خبریں

ترقیاتی کونسل:’آرمی چیف چھکا لگائیں گے‘

جون 18, 2019 2 min

ترقیاتی کونسل:’آرمی چیف چھکا لگائیں گے‘

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے نام سے نئے ادارے کی تشکیل اور اس میں فوج کے سربراہ کو ممبر کے طور پر شامل کرنے کا نوٹی فیکیشن سامنے آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ابھی تک حکومت کی جانب سے یہ تو واضح نہیں کیا گیا کہ قومی ترقیاتی کونسل میں فوج کے سربراہ کیا کریں گے تاہم اے آر وائے ٹی وی کے اینکر صابر شاکر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا اس کونسل میں چھٹا نمبر ہے اور وہ چھکا لگائیں گے۔

صحافی طلعت حسین نے لکھا ہے کہ ”مبارک ہو، مصر کی طرز پر نیم صدارتی، نیم پارلیمانی نظام معرض وجود میں آ رہا ہے۔“

انہوں نے کہا ہے کہ اس نئی کونسل کی تشکیل سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلے سے موجود اداروں کے ہوتے ہوئے اب فیصلہ صرف یہاں ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ لگتا ہے حکومت ہر معاملے میں فوج کو ملوث کر رہی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ کیا فوج کو معاشی انتظام میں شامل ہو کر براہ راست اس کا کریڈٹ یا الزام لینا چاہیے؟ ”بطور پاکستانی مجھے اس پر تحفظات ہیں۔“

خیال رہے کہ وزیراعظم نے 13 جون کو نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے نام سے وزیراعظم سیکرٹیریٹ میں ایک ادارے کے تشکیل کی منظوری دے کر نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔

اس کونسل کے چیئرمین وزیراعظم خود ہوں گے جبکہ ممبران میں وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی شامل ہیں۔

احسن اقبال اور دیگر کئی اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ کیا یہ کونسل قومی اقتصادی کونسل کی جگہ لے گی جو کہ ایک آئینی ادارہ ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے